image رسائی

الیکٹرانک گودام رسید فنانسنگ اسکیم (چاول اور مکئی کی فصل کے لیے)

دنیا بھر میں جہاں غذائی اجناس کی پیداوار میں اضافہ اور تجارت سے متعلق بہت سے اقدامات کیے جا رہے ہیں وہاں اجناس کو گودام میں محفوظ کر کے اس کے عوض مالی معاونت کسانوں کو غذائی اجناس کی کاشت اور ان کی پیداوار کو ذخیرہ کر کے اچھے داموں فروخت کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ نیز اگلی فصل کی تیاری کیلئے درکار مالی وسائل کی فراہمی بھی یقینی بناتی ہے۔

اس سکیم کے تحت کسان اپنی فصلوں خصوصاً چاول اور مکئی کو مقررہ لائسنس شدہ گوداموں میں رکھوا کر حاصل شدہ ویئر ہاؤس رسید کی ضمانت پر قلیل مدتی قرضہ جات حاصل کر سکتے ہیں۔ فصلوں کو نقصان سے بچانے کے ساتھ ساتھ مناسب قیمت حاصل کرنا بھی ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

اجناس کو لائسنس شدہ گودام میں ذخیرہ کیا جاتا ہے جو ایک رسید جاری کرتا ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اشیاء محفوظ طور پر گودام میں رکھی گئی ہیں۔ لائسنس شدہ گودام کی رسید کے ذریعے مالی معاونت کسانوں کو فصل کی کٹائی کے فوراً بعد اپنی پیداوار مجبوری میں فروخت کرنے سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

اس سکیم کا آغاز تجرباتی بنیادوں پر اوکاڑہ، قصور، حافظ آباد اور شیخوپورہ کے اضلاع میں واقع زرعی ترقیاتی بینک کی برانچوں میں کیا جائے گا۔

مقاصد:

اس سکیم کا بنیادی مقصد کاشت کے بعد حاصل ہونے والی فصل کو زیادہ سے زیادہ محفوظ بنا کر چھوٹے کسانوں کو آئندہ فصلوں کیلئے درکار ضروریات پوری کرنے کے لیے سرمایہ فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی پیداوار کی بہتر قیمت حاصل کر سکیں اور اگلی فصل کیلئے درکار سرمایہ بھی حاصل کر سکیں۔

شرائط و ضوابط:

دائرہ کار اس سکیم کا آغاز تجرباتی بنیادوں پر اوکاڑہ، قصور، حافظ آباد اور شیخوپورہ کے اضلاع میں واقع زرعی ترقیاتی بینک کی برانچوں میں کیا جائے گا۔
اہلیت ایسے تمام کسان بھائی جن کے پاس نعمت کولیٹرل مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ (NCMCL) کی طرف سے جاری کردہ گودام کی رسید موجود ہو گی، اس سکیم سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔

تمام کسان بھائی جن کی شہرت اچھی ہو، ای-سی آئی بی رپورٹ صاف ہو اور ORR گریڈ زیادہ سے زیادہ 04 ہو، قرضہ حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔

مطلوبہ دستاویزات کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کی نقل، درخواست برائے قرضہ، الیکٹرانک رسید گودام، دو عدد تصاویر۔
قرضے کی حد اس سکیم کے تحت قرضہ کی زیادہ سے زیادہ حد مبلغ پچیس لاکھ روپے تک ہے۔

بینک کا قرضہ الیکٹرانک ویئر ہاؤس رسید پر NCMCL کی طرف سے اعلان کردہ اسٹاک ویلیو کے 70 فیصد تک ہوگا جبکہ اسٹاک ویلیو پر کم از کم 30 فیصد مارجن برقرار رکھا جائے گا۔

مدت قرضہ قرضہ کی مدت ایک سال تک ہوگی۔
ضمانت / سکیورٹی اس سکیم کے تحت قرضہ جات قابل قبول ضمانتوں کی بنیاد پر دیئے جائیں گے جن میں الیکٹرانک ویئر ہاؤس رسید جو نعمت کولیٹرل مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ (NCMCL) کی جاری کردہ ہو، سٹور کی گئی اجناس اور قرضدار کی ذاتی ضمانت وغیرہ شامل ہیں۔
قرضہ کے اخراجات بمطابق مروجہ بینک چارجز۔
قرض کی وصولی کا جدول اس سکیم کے تحت دیئے گئے قرضہ جات کی وصولی ایک سال کے اندر یکمشت ادا کرنا ہوگی۔
شرح مارک اپ بینک کے جاری ترقیاتی قرضوں کی مروجہ شرح کے مطابق مارک اپ وصول کیا جائے گا۔
جانچ پڑتال قرضے کی جانچ پڑتال ماہانہ بنیادوں پر نعمت کولیٹرل مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ (NCMCL) کے اشتراک سے متعلقہ برانچ منیجر، ریجنل بزنس ہیڈ، کریڈٹ آپریشن ڈیپارٹمنٹ اور بینک ہذا کے انٹرنل آڈیٹرز کریں گے تاکہ روزمرہ کی پیش رفت اور ترقی کا جائزہ لیا جاتا رہے۔